
|
| |
| وزیراعلیٰ پنجاب نے گورنر کے خط کا تحریری جواب دےدیا |
| وقت اشاعت: Tuesday, 9 March, 2010, 09:21 GMT 14:21 PST |
| لاہور(این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے خط کا تحریری جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں کائونسیلنگ کی ضرورت ہے، ان کے بے بنیاد الزامات مایوس کن ہیں۔انہوں نے صدر ،وزیرِ اعظم اور چیف الیکشن کمشنر سے الزامات پر مناسب کارروائی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔گورنر پنجاب کے الزامات کے جواب میں شہباز شریف نے لکھا ہے کہ پنجاب میں ضمنی انتخابات کے موقع پر بے بنیاد الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ کا جھنگ میں (ن) لیگ کے امیدوار کی انتخابی مہم میں حصہ لینا الیکشن کمیشن کے ضابطے کی خلاف ورزی نہیں ہے۔ حقیقت تو یہ ہے گورنرپنجاب نے سوئی گیس اسکیم کے افتتاح کے بہانے جھنگ کا دورہ کیا اور پیپلزپارٹی کے امیدوار کی انتخابی مہم میں حصہ لیا جو پولیٹکل پارٹیز ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔ شہباز شریف نے جوابی خط میں لکھا ہے کہ سلمان تاثیر کی نظر میں عدلیہ کی جو عزت ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ وہ جنرل مشرف کی نگراں کابینہ کے رکن تھے جس نے بغیر باضاطہ احکامات کے اعلیٰ عدلیہ کے 63 ججوں کو نظربند کیا۔کالعدم تنظیم کے طالب قیامت اور جاپو کے معاملے پر شہباز شریف کا موقف ہے کہ ان دونوں کو عدالتی احکامات کے تحت رہا کیا گیا اور کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ ریاستی حکام اور عالمی برادری کو یہ کہہ کر گمراہ کرے کہ پنجاب کی انتظامیہ خطرناک افراد کی سرپرستی میں ملوث ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے خط کی نقول صدر اور وزیر اعظم کے علاوہ چیف الیکشن کمیشن کو ارسال کرتے ہوئے مناسب کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گورنر تاثیر کو کائونسیلنگ کی ضرورت ہے۔ |
| |
|
|
|
 |