ہارون آباد(این این آئی ) کاربن ڈائی اوکسائیڈ کو جذب کرنے کی زمینی صلاحیت میں بتدریج روزبروز کمی ہو رہی ہے جبکہ زہریلی گیسوں کے اخراج میں اضافہ ہو رہا ہے ۔جس سے عالمی درجہ حرارت میں اضافہ کے ساتھ مختلف امراض کے ظہور پزیر ہونے کے خدشات ہیں اس صدی کے اختتام تک اگر ان زہریلی گیسوں پر قابو نہ پایا گیا تو کرہ ارض کے درجہ حرارت میں چھ سنٹی گریڈ کا اضافہ ہوجائے گا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ کاٹن اور دیگر اجناس پر نقصان دہ کیڑوں کا بکثرت بن کر حملہ آور ہونا بھی اسی کی ایک کڑی ہے ۔ماہرین نے عالمی لیڈروں پر زور دیا کہ وہ مل کر ایٹمی فضلہ اور تباہ کن گیسوں کے اخراج کی روک تھام کے لیے اپنا فعال کردار ادا کریں جو کہ انسانیت کے لیے ایک سنگین خطرہ ہیں ۔ان کا کہنا ہے کہ زمین میں کاربن ڈائی اکسائیڈ کو جذب کرنے کی صلاحیت روز بروز کم ہو رہی ہے ۔جس سے فصلوں کے پیداواری حدف میں مشکل کے علاوہ پیدا ہونے والی فصلوں کی کوالٹی بھی متاثر ہو گی ۔ |